کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ کراچی کے تین اہم منصوبوں کریم آباد انڈر پاس، کورنگی کاز وے پل اور ملیر ایکسپریس وے کے تینوں منصوبوں کی تکمیل کی حتمی تاریخیں جمع کروائیں بعد میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کرونگا۔یہ ہدایت انھوں نے کراچی کے تین اہم منصوبوں کریم آباد انڈر پاس، کورنگی کاز وے پل اور ملیر ایکسپریس وے کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی ۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے ماربل سٹی کراچی کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کردیئے، وزیراعلی ہاؤس میں کائنات اینڈ حسن کنسٹرکشن (جے وی) کے ساتھ معاہدے پر دستخط وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی موجودگی میں کیے گئے۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ماربل سٹی کراچی حکومت سندھ کے پائیدار صنعتی ترقی، معاشی نمو اور ملازمتیں پیدا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات سے سوال کیا کہ تمام فنڈز بروقت جاری ہونے کے باوجود منصوبوں کی تکمیل میں اتنی تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟۔ انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ تینوں منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کا منصوبہ پیش کریں۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت نے ماربل سٹی کراچی کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کردیئے، وزیراعلی ہاؤس میں کائنات اینڈ حسن کنسٹرکشن (جے وی) کے ساتھ معاہدے پر دستخط وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی موجودگی میں کیے گئے۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ماربل سٹی کراچی حکومت سندھ کے پائیدار صنعتی ترقی، معاشی نمو اور ملازمتیں پیدا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، صوبے میں ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کا مستقبل روشن ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بلغاریہ کی سفیر مس ارینا گانچیوا نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بلغاریہ اور سندھ حکومت نے ثقافت و زرعی شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ میں خواتین کو بڑی عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور آج کا دن دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے۔ سندھ حکومت نے خواتین کے تحفظ اور بااختیار بنانے کے لیئے اہم اقدامات کئے ہیں۔