کوئٹہ ( ایجنسیاں ) کوئٹہ سے اغوا ہونیوالے 10سالہ مصور کاکڑ کی عدم بازیابی کیخلاف بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال‘مختلف شاہراہیں اور تعلیمی ادارے بند‘ کوئٹہ سے دیگر صوبوں کو جانے والی ٹریفک معطل ‘ چمن پیسنجر ٹرین بھی روانہ نہیں ہو سکی‘ مغوی کی عدم بازیابی کے خلاف اہل خانہ، سیاسی جماعتوں، وکلاء ، تاجروں اور طلباء کا کوئٹہ کے تنظیم چوک پر دھرنا10ویں روز بھی جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے15نومبر کومقامی تاجر کے 10 سالہ بیٹے مصور خان کو نامعلوم افراد اسکو ل وین سے اتار کر اغوا ء کر کے لے گئے تھے تاہم واقعے کو 11 روز گزرنے کے باوجود مغوی بچے کو بازیا نہیں کیا جا سکا۔ دھرنا کمیٹی کی جانب سے دی گئی پہیہ جام ہڑتال کی کال پر بلیلی ، لکپاس، دشت اور کلاک سمیت دیگر مقامات سے قومی شاہریں بلاک ہو نے کے باعث کوئٹہ سے دیگر صوبوں کو جانے والی ٹریفک معطل ہو گئی جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔