• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے پلیئرز کا جلوہ، پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی، کامران غلام کی سنچری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان وائٹ بال ٹیم میں نئے پلیئرز نے اپنا جلوہ دکھا دیا۔ بابراعظم کی جگہ پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے والے   کامران غلام نے سنچری بنانے کے بعد سات رنز کے عوض ایک وکٹ لی اور میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے ۔پاکستان نے تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں زمبابوے کو99رنز سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے جیت لی۔ پاکستان نے محمد رضوان کی قیادت میں مسلسل دوسری سیریز جیتی۔ صائم ایوب نے155رنز ایک سنچری کی مدد سے بنائے اور تین وکٹیں لیں، انہیں پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا ۔ جمعرات کو کوئنز کلب بولاوایو میں پاکستان نے303 رنز بنائے،   جواب میں ہوم ٹیم 204 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے ٹیم کو58 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا ، اس موقع پر صائم ایوب 31رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ اور کامران غلام نے مجموعہ 112 رنز تک پہنچایا ۔ عبداللہ شفیق 50رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ کامران غلام اور رضوان  نے  89رنز جوڑے ، کامران غلام  99گیندوں میں 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 103 رنز  بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 37اور سلمان آغا 30رنز بناسکے۔ زمبابوے  کےسکندر رضا اور رچرڈ نگاروا نے 2، 2جبکہ فراز اکرم اور بلیسنگ موزاربانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں میزبان ٹیم 204 رنز پر آؤٹ ہوگئی، کریگ ارون 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، برائن بینیٹ 37، شان ولیمز 24، ٹیڈیوناشے مارومانی 24، کلائیو مداندے 20، رچرڈ نگاروا 17، سکندر رضا 16، فراز اکرم 5، جوئے لورڈ گمبی 5 اور ڈائن مائرز 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ عامر جمال، حارث رؤف، ابرار احمد اور صائم ایوب نے دو، دو جبکہ کامران غلام اور فیصل اکرم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آخری ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

اسپورٹس سے مزید