پشاور(جنگ نیوز) پشاور ٹیکس بار ایسوسی ایشن پشاور کے وفد نے صدر مشتاق احمد کی قیادت میں ریجنل آفس پشاورمیں منعقد ہ ایک آگاہی سیشن میں شرکت کی جس کا مقصد وکلاء برادری کو ٹیکس کے معاملات پر رہنمائی فراہم کرنا اور انکم ٹیکس ،سیلز ٹیکس اور کسٹمز سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانا تھا۔ ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب سردار علی خواجہ نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا دفتر ٹیکس دہندگان کی مشکلات کو دور کرنے اور ٹیکس کے شعبے میں شفافیت اور انصاف کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے پشاور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے نمائدگان نے درپیش مختلف ٹیکس چیلنجز اور قانونی اختیارات کے بارےمیں سوالات کئے اور درخواست کی کہ ریجنل ٹیکس آفس پشاور میں زیر التواء ریفنڈز کی ادائیگی کے حوالے سے احکامات جاری کئے جائیں۔ جس پر ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب نے انہیں یقین دلایا کہ شکایات رجسٹرڈ ہونے کے بعد درپیش ٹیکس ریفنڈ اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے گا انہوںنے وکلاء کو اپیل کی کہ وہ ٹیکس گزاروں کو معاونت فراہم کریں تاہم جعلی ریفنڈز کلیم کی مکمل حوصلہ شکنی کی جائے۔