پشاور(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل محکمہ قانون اور انسانی حقوق خیبر پختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ وکلا اور ہیومن رائٹس کے ماہرین شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور قوانین کے فروغ کے ذریعے معاشرے کی اصلاع میں بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نےان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں ڈائریکٹوریٹ جنرل قانون و انسانی حقوق اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے تعاون سے وکلاء، سرکاری افسران اور ہیومن رائٹس کے نمائندوں کےتربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر جنرل قانون و انسانی حقوق نے دو روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا جس کا مقصد ضلعی وکلاء، سول سوسائٹی کی تنظیموںاور انسانی حقوق کے ماہرین کی بین الاقوامی انسانی قوانین کے فہم اور ان کے اطلاق کی صلاحیت کو بڑھانا اور ترقی دینا تھا، ڈی جی غلام علی نے کہاکہ ورکشاپ کا مقصدسرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ صوبہ بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنایا جا سکے، انہوں نےہیومن رائٹس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کےلئے ہومن رائٹس کا تحفظ ناگزیر ہے ،یہ ورکشاپ خیبر پختونخوا حکومت کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے عزم کا ایک اہم قدم ہے، اس ورکشاپ کے ذریعے قانونی اور انسانی حقوق کے ماہرین کو مہارت فراہم کی جا رہی ہے۔