پشاور (نیوز رپورٹر )چیف کیپٹل پولیس پشاور قاسم علی خان نے کینٹ ڈویژن میں نئے تعمیر ہونے والے سٹی ٹریفک پولیس کے تھانہ غربی کا افتتاح کیا، اس موقع پر چیف ٹریفک پولیس آفیسر سعود خان سمیت دیگر ٹریفک افسران بھی موجود تھے، سی سی پی او پشاور اور ٹریفک پولیس پشاور کے سربراہ کو نئے تھانے کے مختلف سیکشنز، عملہ کی تعیناتی اور ٹریفک نظام میں مزید بہتری کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور ہونے والی اصطلاحات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر سی سی پی او نے ڈرائیونگ کو محفوظ بنانے اور سیفٹی کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی تاکہ ٹریفک حادثات کی روک تھام ہوسکے، جبکہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کا حکم دیا۔بعد ازاں سی سی پی او نے پولیس اسسٹنس لائنز پال کا بھی دورہ کیا، دورہ کے دوران سٹی ٹریفک ڈرائیونگ سکول میں زیر تربیت ٹرینیز اورآفس آنے والے سائلین سے ملاقات کی۔