کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن ( پاشا) کے چیئرمین سجاد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری میں گروتھ بہت آئی ہے،ہم پر امید ہیں پانچ سال میں بلین ڈالر کی انڈسٹری بن جائیگی، صدرپاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن،طفیل احمد خان نے اگر انٹر نیٹ ٹھیک نہیں چلے گا تو اہداف پورے نہیں ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں پروگرام کے میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سجاد مصطفیٰ نے کہا کہ تقریباً30 لاکھ گھرانے اس پر چلتے ہیں،انٹرنیٹ کی ایک گھنٹے کی بندش ہماری انڈسٹری کو تقریباًایک ملین ڈالر کاسٹ کرتی ہے، انٹرنیٹ کے بغیر ہم کام نہیں کرسکتے۔اس میں کافی سارے مسائل ہیں حکومت کو مسائل سے آگاہ بھی کرتے رہے ہیں۔ حکومت مسائل حل کرنے کی کوشش بھی کررہی ہے۔امید کرتے ہیں تھوڑے عرصے میں مسائل حل ہوجائینگے۔ صدرپاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن،طفیل احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں23 لاکھ فری لانسرز ہیں، اسکے علاوہ کیپ ڈرائیورز، ڈیلیوری بوائز شامل ہیں، انٹرنیٹ کی چند منٹوں کی بندش سے ان کا کام تباہ ہوجاتا ہے یہ دیہاڑی پر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آئی ٹی برآمدات ،فری لانسنگ، ترسیلات زرکے اہداف ہیں ۔