کراچی (نیوز ڈیسک) اسموگ کی وجوہات سے پاکستانیوں کی اکثریت آگاہ ہے اور گاڑیوں کے دھویں اور صنعتی آلودگی کو سب سے بڑا ذمہ دار قرار دیتے ہیں، اس بات کا پتہ اپسوس پاکستان کے سروے سے چلا جس میں ایک ہزار افراد نے ملک بھر سے حصہ لیا۔
سروے 18نومبر سے 22 نومبر2024کے درمیان کیا گیا۔70فیصد پاکستانیوں نے دھواں چھوڑتی گاڑیوں اور 63 فیصد نے صنعتی آلودگی کو اسموگ کی سب سے بڑی وجہ قرار دے دیا۔ سروے میں 37فیصد نے کچرا جلانے، 31فیصد نے اینٹوں کے بھٹوں، 30 فیصد نے فصلوں کی باقیات جلانے جبکہ 11فیصد افراد نے تعمیراتی کام کو سموگ کا ذمہ دار کہا۔ اسموگ کو قابو کرنے میں ناکامی کے سوال پر 44 فیصد نے عوام کے عدم تعاون کو بنیادی وجہ قرار دیا۔ 37 فیصد نے قانون کے نفاذ میں کوتاہی، 16 فیصد نے فضائی معیار سے متعلق قوانین کی عدم موجودگی، 8 فیصد نے فنڈز کی کمی جبکہ 8 فیصد افراد نے اداروں کی محدود صلاحیت کو اسموگ کے خاتمے میں ناکامی کی اہم وجہ کہا۔