اسلام آباد(ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار ہوگا تو پاکستان ترقی نہیں کریگا، حکومت تو ناکام ہوگئی ،سب پابندیوں کے باوجود لوگ اسلام آباد میں داخل ہوگئے،کورٹ کے احکامات کی ضرورت نہیں وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ بات چیت کریں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لوگوں پر تشدد کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہ تو طے کیا جائے کہ کرم میں کیا ہورہا ہے، وہاں فوج کا کنٹرول ہے، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں وہاں کیوں نہیں جا رہیں،کبھی زمین کا جھگڑا قراردیا جاتا ہے اور کبھی یہ کہا جاتا ہے کہ یہ فرقہ واریت ہے۔کسی کو کوئی پرواہ نہیں،کوئی سنجیدگی نہیں۔یہ کون سی حکومتیں ہیں،زندگی میں ایسے حالات نہیں دیکھے۔ حکمرانوں کا رویہ قابل افسوس ہے۔