کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے ساؤتھ ایشین گیمز اگلے سال نومبر میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ قومی گیمز فروری کے بجائے اکتوبر میں کراچی میں ہوں گے۔ یہ فیصلہ پی او اے کی جنرل کونسل کا اجلاس صدر عابدقادری گیلانی کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں پی ایس بی کی جانب سے پی لگائے گئے الزامات کے جواب میں ایک خط کی بھی منظوری دی گئی ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایس بی اولمپک چارٹر کے اصولوں سے متصادم کوئی اصول نافذ نہ کرے۔ جنرل کونسل نے کہا کہ ہماری کوششیں حکومت پاکستان اور آئی او سی سمیت کھیلوں کی دیگر عالمی تنظیموں کے درمیان معاہدوں سے ہم آہنگ ہیں، جو کہ حکومت کی کھیلوں کی تنظیموں میں عدم مداخلت کے اصولوں پر مبنی ہے۔ حکومت، پی ایس بی اور وفاقی وزارت سے بھی کہا گیا ہے کہ اولمپک موومنٹ کا احترام کیا جائے ، کوئی بھی ا یسا فیصلہ جس سے فیڈریشنوں کے معاملات میں حکومتی مداخلت کا احساس جنم لے اس پر عالمی پابندی کا خطرہ بن سکتا ہے ۔