کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال پی ٹی آئی رہنماؤں کا مرکزی قیادت کے خلاف وائٹ پیپر تیارکرکے بانی کو بھیجنے کا فیصلہ، تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات، کیا چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی کو متحد کر پائیں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کارمحمل سرفرازنےکہا کہ فائنل کال یا سڑکوں کی سیاست کے نتائج صحیح نہیں آتے، تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ جھوٹی کہانیوں سے اصلی ہلاکتیں بھی چھپ جائیں گی۔جھوٹ کی عمر لمبی نہیں ہوتی اس کی قلعی کھل کر رہتی ہے، تجزیہ کارسلیم صافی نےکہا کہ پارٹی میں تین چار گروپس ہیں۔ پارٹی میں تقسیم ہے کچھ لوگ انتہا پسندانہ رجحانات رکھتے ہیں۔کچھ لوگ قانون و آئین کے دائرے میں رہ کرآگے بڑھنا چاہتے ہیں،تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ کچھ باتیں سامنے آگئیں کچھ سامنے نہیں آئیں۔بانی پی ٹی آئی نے احتجاج اور مارچ کی پارٹی کی حکمت عملی پر اظہا رناراضگی کیا ہے۔پارٹی کے ان تمام سیاستدانوں کی فہرست بنانے کا کہا ہے جن کی ضمانتیں تھیں اور احتجاج میں شرکت نہیں کی۔علی امین اور بشریٰ بی بی کے طرز عمل پر حیرت کا اظہار کیا۔پارٹی کے اندر جو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں اسے روک دیں۔پارٹی کے جو عہدیدار شہادتیں سیکڑوں میں بتا رہے ہیں ان سے ثبوت مانگیں۔