کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈاور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اشتراک سے کراچی میں کل4 دسمبر کو’’بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع‘‘کے موضوع پر ایک سیمینارہوگا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اس سیمینار کے مہمان خصوصی ہونگے، سیمینار میں سرمایہ کار، بزنس لیڈرز اورمختلف ممالک کے سفارتکار شرکت کرینگے، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر خان زرکون نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اورتجارت کیلئے سازگارماحول فراہم کرنے میں یہ سیمینار اہم کردار ادا کرے گا، جس میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کیساتھ سرمایہ کاروں کو مائنز اینڈ منرلز، زراعت، توانائی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں موجود مواقع کی جانب راغب کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اس سیمینار سے صوبے کو سرمایہ کاری کی ایک اہم منزل کے طور پر فروغ ملے گا، کراچی کی کاروباری برادری کے ساتھ شراکتی تعلقات مضبوط ہوں گے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر BBoIT اور FPCCI کے درمیان ادارہ جاتی استحکام کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سیمینار صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔معروف صنعتکاروں اور فیڈرل چیمبر آف کامرس کے ممبران کو بلوچستان مدعوبھی کیا جائے گا۔