کراچی( اسٹاف رپورٹر ) ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ کی چوتھی منزل پر منگل کی صبح آگ بھڑک اٹھی جو بعد ازاں پانچویں فلور تک جا پہنچی، اطلاع پر پولیس،فائر بریگیڈ اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچے،چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق صبح 11 بجکر 50 منٹ پر فائر بریگیڈ کو آگ کی اطلاع ملی جس پر قریبی فائر اسٹیشن سے فائر ٹینڈر کو روانہ کیا گیا، آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز کو بھی طلب کیا گیا،آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے باہر تک آ رہے تھے،انہوں نے بتایا کہ 11 فائر ٹینڈرز،ایک برائوزر اور دو اسنارکلز کی مدد سے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا جبکہ ریسکیو 1122 کے دو ،کے پی ٹی کے دو اور کنٹونمنٹ بورڈ کے ایک فائر ٹینڈر نے بھی آپریشن میں حصہ لیا، 13 منزلہ عمارت ہے جس کے دو فلور آگ کی لپیٹ میں آئے،چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ چونکہ نیچے سے اوپر کی جانب جاتی ہے اس لیے ہم نے چھٹے فلور سے آپریشن شروع کیا اور آگ کو آگے بڑھنے سے روک دیا ، متاثرہ فلورز پر فوم میٹرس،پلاسٹک اور باردانہ وغیرہ کے گودام موجود ہیں، دھواں بھر جانے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی ہے جبکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ،ریسکیو زرائع کے مطابق عمارت میں ہنگامی اخراج اور دھویں کے اخراج کا بھی کوئی راستہ نہیں تھا ،آتشزدگی کے باعث ایم اے جناح روڈ سعید منزل جانب تبت سینٹر روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جس کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بھی شدید ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ،ٹریفک پولیس کی جانب سے سعید منزل سے آنے والی ٹریفک کو ریگل چوک کی طرف جبکہ ہیوی ٹریفک کو گل پلازہ کے پیچھے کی جانب بھیجا گیا۔