ملتان ،لودھراں (سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ)عالمی امن جرگہ کے وفد نے کمشنر ملتان آفس میں قیام امن کی اہمیت پر اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے کہا کہ ملکی معیشت و استحکام کیلئے قیام امن ناگزیر ہے۔ پُرامن پاکستان کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار نبھانا ہوگا۔ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کے چیئرمین رعایت اللہ خان عرف خان بابا اور کنٹری ہیڈ سعدیہ خان عرف خان بی بی بھی موجود تھیں،انہوں نے بتایا کہ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام صوبائی اور ڈویژنل سطح پر کمیٹیاں بنا رہا ہے۔ہر ضلع سے 10 مرد اور 5 خواتین کی لسٹیں بنائی جائیں گی۔ ۔ ہمیں متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا ،خواتین کو مضبوط و مستحکم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت ہم نے خواتین جرگہ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حرمت کے امین شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،اجلاس میں ڈی سی ملتان وسیم حامد سندھو، ایڈیشنل کمشنر عبد الجبار ڈپٹی ڈائیریکٹر انفارمیشن ارم سلیمی، اسسٹنٹ کمشنر جنرل حافظ خورشید، رجب علی مرزا اور دیگر بھی موجود تھے۔