راولپنڈی(آصف شاہ، خبر نگار خصوصی ) راولپنڈی میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں قائم سستے سہولت بازار وں میں بھی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہوگئیں ۔ بازاروں میں آلو ،پیاز، ٹماٹر، مٹر، ادرک، لہسن سمیت سبزیوں اورپھلوں کی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے فراہم کردہ ریٹ لسٹ کو خاطر میں نہیں لایا جاتا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حیدری چوک سیٹلائٹ ٹاون سہولت بازار میں دکاندار اکثر زائد قیمت پر سامان فروخت کرتے ہیں جبکہ بعض دکانداروں کے پاس ریٹ لسٹ موجود ہی نہیں ہے۔شہریوں کا موقف ہے کہ جب وزیراعلیٰ پنجاب نے سہولت بازار وں میں سرکاری ریٹ پر سامان فروخت کرنے کا پابند کیا ہوا ہےتو اس پر سختی سے عملدرآمدبھی کروایا جائے۔ بازار انچارج صفدر کا موقف ہے کہ زائد قیمت پر سامان کی فروخت پر رجسٹر پر اپنی کمپلین درج کر ائی جا سکتی ہے جس پر کارروائی مجسٹریٹ کریں گے۔