اسلا م آباد(نیوز ایجنسی) سپریم کورٹ کے سینئیر جج جسٹس منصور علی شاہ نے جوڈیشل کمیشن کا آج جمعہ کو ہونے والا اجلاس موخرکرنے کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا، جس میں مشورہ دیا گیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر فیصلے تک جوڈیشل کمیشن کا اجلاس موخر کردیا جائے، چیف جسٹس 26 آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دیں.
انہوں نے موقف اپنایا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستیں منظور ہوئیں توجوڈیشل کمیشن کے فیصلوں کی وقعت ختم ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کو خط لکھتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کی گئی تھی جبکہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف 2درجن سے زائد درخواستیں زیر التوا ہیں۔