راولپنڈی (نمائندہ جنگ) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگو ہر علی خان اور سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی ڈی چوک احتجاج میں شہادتوں کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان سے اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں تکرار ہو گئی۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان ، بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ گفتگو کرتے ہوئے ایک دوسرے سے تلخ ہو گئے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے پوچھا آپ نے 12 شہادتیں ہی کیوں بتائیں؟ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں اس میں بغیر تصدیق کیسے اضافہ کرسکتے ہیں؟ علیمہ خان نے کہا آپ کو معلوم ہے کہ ہمارے کتنے لوگ لاپتہ ہیں؟ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس پر کام کر رہی ہیں۔