کراچی(اسٹاف رپورٹر) بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ ہفتے سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، فائنل 25 دسمبر کو ہوگا ۔ ہفتے کو صبح گیارہ بجے امام الحق کی قیادت میں لائنز کا پہلا میچ افتخار احمد کی مارخورز سے ہوگا جبکہ سہ پہر ساڑھے تین بجے دوسرے میچ میں محمد حارث کی الائیڈ بینک اسٹالینز کا مقابلہ شاداب خان کی زیرقیادت لیک سٹی پینتھرز سے ہوگا۔ ڈولفنز کی قیادت فہیم اشرف کررہے ہیں۔ ڈبل ہیڈر والے میچز صبح 11 بجے اور دوپہر 3.30 بجے شروع ہوں گے جبکہ سنگل ہیڈر والے میچ دوپہر 12بجے شروع ہونگے۔ پانچ ٹیمیں اے بی ایل اسٹالینز، اینگرو ڈولفنز، لیک سٹی پینتھرز، نورپور لائنز اور یوایم ٹی مارخورز ڈبل لیگ فارمیٹ میں مقابلہ کریں گی ۔