اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) سپریم کورٹ کی آئینی بینچوں کی تشکیل کی ذمہ دار کمیٹی نے سوموار 9دسمبر سے شروع ہونے والے پانچ روزہ عدالتی ہفتہ کے دوران آئینی نوعیت کے متعدد مقدمات سماعت کیلئے مقرر کر دیئے ہیں،مقدمات میں ارشد شریف قتل ،9 مئی دہشتگردی و جلاؤ گھیراؤ،افغان باشندوں کی بیدخلی و دیگر شامل ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس سید حسن اظہر رضوی،جسٹس مسرت ہلالی،جسٹس نعیم اختر افغان اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل سات رکنی آئینی بنچ سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق از خود نوٹس کیس ، 9 مئی کی دہشتگردی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پی ٹی آئی کے سویلین ملزمان کے ٹرائل سے متعلق درخواستوں اور مٹھی ہسپتال سندھ میں بچوں کی اموات سے متعلق مقدمات اور غیرقانونی افغان باشندوں کی پاکستان سے بیدخلی کیخلاف دائر درخواستو ں کی 9 دسمبر کو سماعت کریگا۔