• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، رواں برس ٹریفک حادثات میں 700 افراد جاں بحق ہوچکے

کراچی( ثاقب صغیر )کراچی کے مختلف علاقوں میں رواں برس ٹریفک حادثات میں اب تک 700 سے زائد افراد جاں بحق اور 7 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ریسکیو ادارے کی رپورٹ کے مطابق سال 2014میں اب تک ٹریفک حادثات میں 716افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں میں 563 مرد، 80 خواتین اور 73 بچے شامل ہیں ۔رواں برس مختلف ٹریفک حادثات میں 7 ہزار 663 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 6 ہزار 327 مرد، 998 خواتین اور 238بچے شامل ہیں۔شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات کی وجوہات میں ہیوی ٹریفک کا دن کے اوقات میں شہر کے اندر داخل ہونا، شہریوں کی ٹریفک قوانین سے لاعلمی، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا، اوور اسپیڈنگ،روڈ انجینئرنگ کے نقائص،ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنا، مختلف یوٹرن اور کٹ پر ٹریفک نشانات کا نہ ہونا، پلوں پر شارپ کروو (موڑ)،انڈر پاسز پر کھڈے،پلوں کے جوائنٹس، شہریوں کا پیڈرسٹن پلوں کو استعمال نہ کرنا ، انٹر سٹی بسوں کے شہر کے اندر اسٹینڈز، رانگ سائیڈ ڈرائیونگ ، تجاوزات ، فاسٹ ٹریک پر رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کا چلنا، ٹریفک سگنلز کی خرابی ، گاڑیوں کی باقاعدگی سے مرمت نہ کروانا ،شہر کی ٹوٹی سڑکیں اور خراب انفرااسٹرکچر اہم وجوہات میں شامل ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی احمد نواز کے مطابق شہر میں ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ موٹر سائیکل سوار شہریوں کا ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنا ہے۔موٹر سائیکل سوار افراد اکثر ہیوی ٹریفک کے بائیں جانب سے اوور ٹیک کرتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات ہوتے ہیں۔سب سے زیادہ ٹریفک حادثات ماڑی پور روڈ،حب ریور روڈ،نادرن بائی پاس ،نیشنل ہائی وے ( گلشن حدید سے ملیر حالٹ اور بن قاسم انڈسٹریل زون) اور کورنگی صنعتی ایریا میں ہوتے ہیں۔ان علاقوں میں مین روڈز کے ساتھ رہائشی آبادیاں ہیں ،موٹر سائیکل سوار ان آبادیوں سے جب مین روڈ پر آتے ہیں تو حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں انفرااسٹرکچر کا نہ ہونا بھی ٹریفک حادثات کا اہم سبب ہے۔ضلع سینٹرل کے علاقوں سرجانی،نیو کراچی ،نارتھ کراچی فیڈرل بی ایریا میں حادثات کا سب سڑکوں کا خراب ہونا ہے۔موٹر سائیکل سوار کھڈوں کی وجہ سے ڈس بیلنس ہو کر گرتے ہیں اور پھر پیچھے سے آنے والی گاڑی ان پر چڑھ جاتی ہے۔احمد نواز نے بتایا کہ شہر میں 50 فیصد حادثات کا شکار موٹر سائیکل سوار جبکہ 30فیصد راہگیر ہیں۔ راہگیروں میں معمر افراد ،خواتین زیادہ شامل ہیں جو پیڈرسٹن پلوں کا استعمال نہیں کرتے اور جنگلوں سے اور دیوار سے روڈ کراس کرتے ہیں،اکثر راہگیر اندھیرے میں روڈ کراس کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ حادثے کا شکار ہوتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید