اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی میں دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ ایک شخص شارٹ سرکٹ جبکہ دوسراٹریفک کی نذر ہو گیا۔تھانہ کینٹ کے علاقے آدم جی روڈ پر واقع نجی ریسٹورنٹ میں شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی کے باعث کمرے میں سویا ہوا ملازم طلحہ اکرام دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش مردہ خانہ میں رکھ دی اور مصروف تفتیش تھی۔مقامی تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ گنجان آباد کاروباری علاقے میں ہوٹل قائم کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جہاں گیس سلنڈر استعمال کئے جاتے ہیں، شکایت کے باوجود ایکشن نہیں لیا گیا اور ایک زندگی ضائع ہو گئی۔ تھانہ ٹیکسلا کے علاقے بھڑ درگئی کے رہائشی تیمور احسن نے بتایا کہ اس کے تایا اور سسر محمد رؤف سائیکل پر سوار تھے کہ ڈمپر نمبر سی 2110 نے تیزرفتار ی اور غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں کچل دیا جو موقع پر زندگی کی بازی ہار گئے ۔