راولپنڈی (نمائندہ جنگ) اڈیالہ روڈ پر حسب معمول آئیسکو عملے کی بے حسی کے سبب ٹرانسفارمر کے فیوز کو لگانے کیلئے صارفین کو گزشتہ روز بھی پونے تیرہ گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا جب بھی اس طرح کا مسئلہ درپیش ہوا پانچ منٹ کے اس کام کیلئے انہیں اتنا ہی انتظار کرنا پڑتا ہے۔ جمعہ کے روز بھی صبح چار بجے ڈیفنس روڈ پر لگے ایک ٹرانسفارمر کا فیوز اڑ جانے سے درجنوں گھروں کی بجلی متاثر ہوگئی۔ ازالے کیلئے صارفین دفتر جاکر دن بھر شکایات کراتے رہے کیونکہ دفتر شکایت میں رکھا فون ہمیشہ مصروف ملتا ہے اور ایس ڈی او بھی بل پر لکھے نمبر پر فون سننا گوارہ نہیں کرتے جس پر مجبوراً متاثرین کو دفتر جاکر شکایت کرانا پڑتی ہے ۔ ادھر دفتر شکایت کا عملہ صرف ایک ہی رٹے رٹائے جملے پر اکتفا کرتا ہے کہ ہمارے پاس اور بھی شکایات ہیں، تھوڑی دیر میں آپ کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ صارفین نے عملے اور ایس ڈی او کے رویئے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیا صرف ایک فیوز لگانے کیلئے صارفین کو 13 گھنٹے انتظار کرایا جاتا ہے۔