کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، کراچی ترقی کرتا ہے تو پورا ملک ترقی کرتا ہے، پیپلزپارٹی گزشتہ 16سال سے صوبہ سندھ پر قابض ہے اس نے کراچی کو ہمیشہ سے نظر انداز کیا ہے،کراچی کی تباہی و بربادی کی ذمہ داری براہ راست پیپلزپارٹی پر عائد ہوتی ہے، بڑے بڑے صنعتی ادارے کراچی سے دوسرے صوبوں میں منتقل ہوگئے ہیں، آج کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے، صنعتوں کے لیے مواقع نہیں ہیں،اگر کراچی کا انفرااسٹرکچر ٹھیک کردیا جائے،کراچی میں صنعتوں کو بنیادی سہولتیں دی جائیں تو یہی انڈسٹری مزید کام کر کے ملک کوترقی کی راہ پرگامزن کرسکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر ایف ایونٹس کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹرکراچی میں جاری تین روزہ فرنیچراینڈ لیونگ نمائش کے دوسرے روز بطور مہمان خصوصی شرکت،نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او (آر ایف)ایونٹس ڈاکٹر نازش فیصل،ڈپٹی پارلیمانی لیڈرسٹی کونسل قاضی صدر الدین،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمدودیگر بھی موجود تھے۔