اسلام آباد (نامہ نگار) جلنے سے ہونیوالے حادثات کی روک تھام کیلئے آگاہی بہت اہم ہے۔ اس بات کا اظہار نیشنل ہیلتھ کوآرڈنیٹر ڈاکٹرمختار نے برن کیئر سینٹر اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام سہ روزہ کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلنے والے مریضوں کیلئے ابتدائی چار سے چھ گھنٹے بہت اہم ہوتے ہیں‘ اگر اُن کو بروقت طبی نگہداشت مل جائے تو اموات میں خاطر خواہ کمی آسکتی ہے۔ تحصیل لیول پر ہسپتالوں میں برن وارڈز اور ضلعی سطح پر برن سنٹرز کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر مختار احمد نے کہا کہ شعبہ طب میں معیاری تحقیق کا فقدان ہے۔ ایچ ای سی گاہے بگاہے مختلف یونیورسٹیوں کو ریسرچ گرانٹ فراہم کرتا رہتا ہے۔ چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر طارق اقبال اور ڈاکٹر ریحان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ کانفرنس میں برطانیہ سے ڈاکٹر فیصل اشفاق ، امریکہ سے ڈاکٹر مارک فیشر، ساوتھ افریقہ سے ڈاکٹر جارج، انڈیا سے برن سرجن ڈاکٹر سنیل کیسوانی جبکہ ملکی سطح کے سرجنز ڈاکٹر عبدالحکیم بابر، ڈاکٹر سعید چیمہ، ڈاکٹر مستحسن بشیر، ڈاکٹر طاہر خان ڈاکٹر سمیعہ تسلیم ڈاکٹر عرفان اللہ پروفیسر مامون الرشید نے اپنے اپنے مقالاجات پیش کئے۔