• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اولیاء کی دھرتی اورصدیوں پرانی ثقافت کی امین ہے، گورنر کے پی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سندھ اولیاء کی دھرتی ہونے کے ساتھ ساتھ صدیوں پرانی ثقافت کی بھی امین ہے اور یہ ثقافت دنیا میں اپنا مقام رکھتی ہے۔ شاہ عبدالطیف بھٹائی جیسے بزرگوں نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کا درس دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ عبدالطیف بھٹائی سوشل اینڈ کلچرل ایسو سی ایشن کے زیراہتمام سندھی ثقافت کے دن کی مناسبت سے پی این سی اے میں ہونے والی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش اور خواہش ہے خیبر پختونخوا میں ایسی تقریبات کا انعقاد ہو۔ تقریب سے وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات اور ایم ڈی پی ٹی وی عنبرین جان، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کے چیئرمین پولین بلوچ، پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد ایوب جمالی، سرائیکی شاعرہ راشدہ ماہین، ڈاکٹر مہدی رضا شاہ سبزواری اور حاجی جمشید ملک سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تنظیم کے جنرل سیکرٹری زاہد حسین جتوئی نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد صوبوں میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے ۔ہماری تنظیم گزشتہ بیس برسوں سے اپنی ثقافت اور کلچرل کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ مہمان خصوصی نے آخر میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر امین ارباب، راشدہ ماہین، سمیرا الطاف، چوہدری محمد سلیم، کومل سلیم، شاہ محمد ڈیتھو، محمد نواز وسطرو، منصور علی عباسی، الماس بوبی اور فاروق فقیر کو ایوارڈ دیئے ۔
اسلام آباد سے مزید