اسلام آباد(جنگ نیوز )وفاقی دارالحکومت میں کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے اور شہریوں نے سی جی آئی کی طرف سے پارکوں کی صفائی کو سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمت کا بہترین نمونہ قرار دیاہے۔ چیئرمین احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کی ٹیم نے اپنی آگاہی مہم کے اگلے مرحلے میں سیکٹر ایف ایٹ ون،ٹو،تھری اور فور میں نہ صرف پارکوں کو مکمل صاف کیا بلکہ شہریوں کے دلوں میں صفائی کی اہمیت اور اپنے ماحول کی حفاظت کا عزم پیدا کیا۔احسن ظفر بختاوری نے خود اپنی گاڑی میں کچرے سے بھرے ویسٹ بیگز لوڈ کر کے تلف کرنے کے مقام تک پہنچایا۔گزشتہ روز ہونیوالی ویسٹ پکنگ ایکٹویٹی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول طلبہ، مقامی افراد، اور رضاکار تنظیموں نے بھرپور حصہ لیا۔احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہماری نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔