کراچی( اسٹاف رپورٹر )نیو ایم اے جناح روڈ پر لوٹ مار کے بعد شہری حسن کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق جائے واردات اور ملزموں کے فرار کے راستوں کی متعدد فوٹیجز یکجا کر لی گئیں۔ مقتول حسن کے قاتل سندھ ثقافتی ریلی کی آڑ میں لوٹ مار کرتے ہوئے آئے۔ جائے واردات کے نزدیک کیمروں میں دو مبینہ ملزم عکس بند ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین نے فوٹیجز میں ملزموں کو پہچان لیا ہے۔فوٹیجز میں قاتل لٹیروں کو سندھ ثقافتی ریلی کی آڑ میں فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ریلی کے بعض شرکا بھی واردات کے عینی شاہد ہیں۔قاتل لٹیرے مبینہ طور پر ریلی کے ساتھ پریس کلب تک پہنچے۔پریس کلب اور جائے واردات کے اطراف کی فوٹیجز کی میچنگ کروائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جائے واردات اور پریس کلب کے اطراف کی فوٹیجز کو مزید واضح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔واقعہ یکم دسمبر کو پیش آیا تھا۔