کراچی( اسٹاف رپورٹر )سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حضرت محمد مصطفیﷺ کی اسوہ حسنہ پر گامزن ہو کر دنیا و آخرت کو سنوارا جاسکتا ہے، عشق رسول میں جینا عشق رسول میں مرنا اہل حق کا شیوہ رہا ہے، معاشرے کو حقیقی فلاحی معاشرہ بنانے کیلئے حضور سرور کائنات کے احکامات پر مکمل عمل کرنا ہوگا، حکمران خوف خدا اور عشق رسولﷺ سے سرشار ہوکر جدوجہد کریں تو معاشی عدم استحکام اور دیگر مسائل کے دلدل سے نکلا جاسکتا ہے، سیکولر لادینی قوتیں ملک میں مغربی کلچر و ثقافت کو فروغ دیکر معاشرے میں بے حیائی کو فروغ دینا چاہتی ہے،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہود و نصاریٰ ہمیں معاشرتی تباہی اور اخلاقی بربادی کے دلدل میں دھنسانا چاہتے ہیں، ملک میں تمام مسائل کے حل کیلئے نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ناگزیر ہوچکا ہے۔