کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پاکستان جرنیلوں، سرمایہ کاروں کا نہیں نوجوانوں کا پاکستان ہے،کوئی اپنی دولت اور بندوق سے پاکستان کا مالک نہیں بن سکتا۔ گلشن اقبال میں الخدمت کے تحت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے حقیقی مالک ہیں اور تعلیم کے راستے سے ہی پاکستان کو ترقی یافتہ بنائیں گے،ہمیں اس ملک کو ایسا پاکستان بنانا ہے جس کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دین کی بنیاد پر ملک کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں، جس میں سب کے لیے عدل کا ایک ہی نظام ہوگا،امیر اور غریب سب کے لیے یکساں نظام تعلیم ہوگا۔ ایک نظام، ایک نصاب،ایک معیار پاکستان کے 25 کروڑ لوگوں حق ہے۔ کراچی کے طلبہ کے ساتھ فیسوں کی وصولی میں زیادتی کی جارہی ہے،کراچی اور سندھ یونیورسٹی کے طلبہ کی فیسوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے،کراچی کے طلبہ سے بھی اتنی ہی فیس لی جائیں جتنی سندھ یونیورسٹی کے طلبہ سے وصول کی جارہی ہیں۔بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0سے سابق گورنر اسٹیٹ بنک ڈاکٹر عشرت حسین، سی ای او الخدمت نوید علی بیگ، امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔