• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول نافرمانی ملک دشمنی، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے شرپسندوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی‘پاور ڈویژن کی سفارش پر بگاس سے چلنے والے آٹھ انڈیپنڈنٹ پاور پلانٹس (آئی پی پیز)کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری دے دی‘ان معاہدوں کے بعد عام صارفین کیلئے بجلی کی قیمت کم اور قومی خزانہ کو 238 ارب روپےکا فائدہ ہو گا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی کال سے بڑی دشمنی پاکستان کے ساتھ کیا ہو سکتی ہے‘ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے‘ معاشی استحکام کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے‘اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے شر پسندوں کو کسی صورت نہیں چھوڑاجائےگااور کسی بے گناہ کو ہاتھ تک نہیں لگایا جائے گا‘ شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا میکنزم طے ہو گیا ۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتےہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شام میں اس وقت250زائرین اور300دیگر پاکستانی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کئی پاکستانی خاندان برسوں سے وہا ں آباد ہیں‘ان افراد کو بذریعہ سڑک لبنان اور رفیق حریری ایئرپورٹ سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ واپس لایا جا سکتا ہے۔ کل لبنان کے وزیراعظم سے اس سلسلہ میں میں نے بات کی ہے۔لبنان کے وزیراعظم نے بیروت کے ذریعے شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے سلسلہ میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس سلسلہ میں احکامات بھی جاری کر دیئے ہی ں۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایاکہ کل آذربائیجان کے سفیر سے بھی ملاقات ہوئی۔ فروری میں وزیراعظم پاکستان آذربائیجان کا دورہ کریں گے اور پاکستان میں آذربائیجان کی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے ہوں گے۔ امن و امان کے حوالے سے گزشتہ روز بھی اجلاس ہوا جس میں میں نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی ناپاک کوشش اور توڑ پھوڑ کرنے کی جو سازش پاکستان کے خلاف کی گئی اس میں جوجو ملوث ہے ثبوتوں کے ساتھ ان کے خلاف کارروائی ہو گی اور ان کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائےگااور کسی بے گناہ کو ہاتھ تک نہیں لگایا جائے گا ۔

اہم خبریں سے مزید