• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزاد رائے کی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات

کراچی (بابر علی اعوان/ اسٹاف رپورٹر ) زندگی ٹرسٹ کے صدر اور معروف گلوکار شہزاد رائے نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی اور اپنے فلاحی اداروں زندگی ٹرسٹ اور دوربین کے تحت چلنے والی درسگاہوں سے متعلق بریفننگ دی۔ جنگ سے گفتگو میں شہزاد رائے نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری سے تعلیمی اصلاحات سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔ زندگی ٹرسٹ اور دوربین کے فلاحی کاموں پر انہیں پریزنٹیشن دی، اساتذہ کی جو ٹریننگ دی جاتی ہے اس سے انہیں آگاہ کیا جس پر بلاول بھٹو زرداری نے خوشی کا اظہار کیا اور حوصلہ افزائی کی۔ شہزاد رائے کا مزید کہنا تھا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پاکستان میں اساتذہ کو ٹریننگ دینے والے استادوں کو اعلیٰ تربیت دینے کیلئے معاونت کرے گی اس حوالے سے دوربین، آکسفورڈ یونیورسٹی اور ملالہ فنڈ نے معاہدہ کیا ہے چونکہ بلاول بھٹو زرداری خود آکسفورڈ کے المنائی ہیں اس لئے انہوں نے اس پر زیادہ خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ہمیشہ تعلیم کو اہمیت دی گئی اور زندگی ٹرسٹ اور دوربین کی انہوں نے ہمیشہ سپورٹ کی ہے، اس ملاقات میں انہوں نے مزید سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔ شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ آلسفورڈ یونیورسٹی کے ساتھ جو ہمارا معاہدہ ہوا ہے اس کے تحت سندھ کے ٹیچرز کے ٹیچرز کو ایم ایس کرایا جائے گا، آکسفورڈ اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسی شراکت ہے جس سے پاکستان کے ایجوکیشن سیکٹر کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید