اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے پہاڑوں کو موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی اور دیگر غیرپائیدار طرز عمل کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ہم خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں محفوظ اور موسمیاتی تبدیلی سے مزاحم کمیونٹیز کی تعمیر کر رہے ہیں تاکہ ہماری کمیونٹیز محفوظ بھی رہیں اور ترقی بھی کریں۔ پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر زمین پر پہاڑوں اور ان سے جڑے لاکھوں لوگ، جن کی زندگیاں ان شاندار مناظر سے جڑی ہوئی ہیں، کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیارے ملک کو درجنوں برف پوش اور سر سبز اونچی چوٹیوں سے نوازا ہے، ہماری یہ سرزمین دنیا کی 16بلند ترین پہاڑی چوٹیوں میں سے 8چوٹیوں کا مسکن ہے۔