کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میزبان محمد جنید سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن ،سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں انفارمیشن دینے والے لوگ پکڑے گئے ہیں،رہنما پاکستان تحریک انصاف ،سینیٹر ڈاکٹرہمایوں مہمند نےکہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو جیل میں انفارمیشن مل رہی ہیں تو یہ لوگ بہت نکمے ہیں۔ملک کے ساتھ اصل ظلم یہ ہے کہ ان لوگوں کو بٹھایا ہوا ہے، جب مالی ہی درختوں کو دیمک لگانا شروع کردے تو کون خطرنا ک ہے؟ رہنماجمعیت علمائے اسلام،حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مدارس بل پر ہمارا مطالبہ نہ مانا تو 17 دسمبر کو احتجاج کی کال برقرار ہے،دفاعی تجزیہ کار،میجر جنرل (ر) زاہد محمود نے کہا کہ فوج کے خود احتسابی کے عمل کو کریڈٹ دینا چاہئے۔رہنما مسلم لیگ ن ،سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ نے کہا کہ یہ ملک اور افواج کے لئے اچھی خبر ہے، کوئی بھی اپنے حلف سے باہر جاکرکام کرتا ہے تو اس چیز کو ریاست برداشت نہیں کرسکتی۔یہ بہت مشکل کام تھا میں خراج تحسین پیش کروں گا جن لوگوں نے یہ کڑوی گولی نگلی ہے۔یہ ایک لینڈ مارک صورتحال ہے کہ ان کا کورٹ مارشل ہورہا ہے۔