اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 9مئی واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی عمران خان کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ ڈیڑھ سال ہوچکا ہے، پتا تو کرائیں 9 مئی کو ہوا کیا تھا؟ اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا آپ نے ہائیکورٹ سے رجوع کیوں نہیں کیا؟حامد خان نے کہا کہ یہ کسی صوبے کا نہیں پورے ملک کا معاملہ ہے، اسی لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے بانی پی ٹی ائی کی آرمی ایکٹ کے تحت سویلینز کے ٹرائلز کو غیر آئینی قرار دینے اور 9، 10 مئی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔