راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی جڑواں شہروں میں گیس کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش سےصارفین پریشان ہو گئے ۔ راولپنڈی میں فیض آباد، شکریال، ڈھوک کالا خان، صادق آباد، نیوکٹاریاں، خیابان سرسید،ٹیپو روڈ، سرسید چوک، ڈھوک الٰہی بخش، ڈھوک کھبہ، چکلالہ سکیم تھری، گلستان کالونی، ولائت ہومز، اڈیالہ روڈ ،گلبہار کالونی اور چاکرہ سمیت شہر بھر کے صارفین کے مطابق بعض علاقوں میں رات 8 سے صبح 8 بجے تک گیس کی سپلائی مکمل بند کر دی جاتی ہے جس سے نمازوں کے اوقات بالخصوص فجر کے وقت نمازیوں کو بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محکمہ سوئی گیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گیس کے ذخائر میں کمی کے باعث گیس کی سپلائی بند کی جاتی ہے۔