کوئٹہ(پ ر)بیوٹمز یونیورسٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پرامن تعلیمی ماحول کو سیاسی مقاصد کیلئے سبوتاژ کرنا قابل ا فسوس ہے ۔ بیوٹمز انتظامیہ کسی کو بھی تعلیمی ماحول برباد کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ایک سیاسی جماعت کی صوبائی قیادت کے ایما پر باہر سے لائے گئے افراد کے ذریعے یونیورسٹی کے سیکورٹی آفیسر پر قاتلانہ حملہ کیا جس میں متعلقہ سیکورٹی آفیسر شدید زخمی ہوئے جس کی حالت تشویشناک ہے اور مزید علاج کیلئے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے ۔ترجمان کے مطابق یونیورسٹی کا یہ فرض ہے کہ وہ اپنے یونیورسٹی کے اساتذہ ٗ اسٹاف اور طالبا و طالبات کی سیکورٹی کو یقینی بنائے جس کیلئے حکومت کی طرف سے احکامات بھی ملتے رہتے ہیں اور یونیورسٹی میں مہمانوں ٗ وزیٹرز کیلئے نظام موجود ہے جس کی پابندی ہر شہری پر لازم ہے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ صوبے کے تمام سیاسی قوتوں سے اپیل کرتی ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پرامن ماحول کویقینی بنانے کیلئے اداروں کے ضابطوں کا خیال رکھا جائے اور قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں کردار ادا کریں۔