کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے اب تک پولیس نے کچے کے علاقے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ، آپریشن کے دوران 76 ڈاکو مارے گئے، 115 ڈاکو زخمی ہوئے، اور 363ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا ، ان کارروائیوں کے نتیجے میں کئی علاقے ڈاکوؤں سے خالی کرائے گئے ہیں اور امن و امان کی بحالی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت کچے کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر غور و خوض کے لیے منعقد اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا ،اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، کمشنر سکھر، ڈی آئی جی سکھر، کمشنر لاڑکانہ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ نے شرکت کی،چیف سیکریٹری نے کچے کے علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں، کچے کے علاقے میں مستقل امن قائم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے، اجلاس کے اختتام پر یہ عزم کیا گیا کہ کچے کے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔