اسلام آباد(نامہ نگار) قائداعظم یونیورسٹی نے گریجویشن کے 1246، ایم فل کے1734، پی ایچ ڈی کے208، کل3188گریجویٹس کو ڈگری تفویض کردی۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز قائداعظم یونیورسٹی کے کانووکیشن 2024 کا انعقاد پاکستان چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں کیا گیا۔ وفاقی وزیرِ تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی (پرو چانسلر ) قائد اعظم یونیورسٹی کانووکیشن میں بہ طورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس کانووکیشن میں بی ایس کے 1246، ایم فل کے1734، پی ایچ ڈی کے208، کل3188 گریجویٹس کو ڈگری تفویض کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تمام گریجویٹس، ان کے والدین اور اساتذہ ء کرام کو مبارک باد دی۔ انھوں نے میڈلز لینے والے طلبہ و طالبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ میڈلز قوم کے سینے پر سجے ہیں۔ اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے طلبہ و طالبات کو ڈگری تفویض ہونے پر تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر بین الاقوامی سطح پر نمایاں شناخت حاصل کی ہے۔