اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کم بجلی پیدا کرنیوالے فرسودہ پلانٹس فوری بند ، صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں کو مزید کم اور مستقبل کے بجلی کے پیداواری منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، ایسے بجلی گھروں کی بندش سے نہ صرف ایندھن کی درآمد پر خرچ قیمتی زر مبادلہ کی بچت ، صارف کیلئے بجلی کی لاگت بھی کم ہوگی،شہباز شریف کی صارفین کیلئے بجلی کے نرخ مزید کم، پیداواری منصوبوں کے لائحہ عمل پر عملدرآمد تیز کرنےکی بھی ہدایت ۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت ملک میں مستقبل کیلئے بجلی کے پیداواری منصوبوں، بجلی شعبے بالخصوص ترسیلی نظام پر منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ مستقبل میں کم لاگت بجلی منصوبوں کو ہی ترجیح دی جائے،بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کیلئے مقامی وسائل کو ترجیح دی جائے۔