اسلام آباد( ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام کے مختلف علاقوں میں درجنوں وارداتوں میں 27موٹرسائیکل, ایک رکشہ ، 24موبائل فونز، لاکھوں کےطلائی زیورات ، نقدی، مویشی اور دیگر قیمتی اشیاء اڑا لی گئیں۔ 5 موٹر سائیکل، 15 موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر جبکہ 9 موبائل فون جھپٹا مار کر چھین لئے گئے۔ تھانہ صادق آباد کے علاقے سکستھ روڈ پر 2 نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر سعود فدا سے 19 ہزار روپے ، تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے گلریز میں غلام مصطفی ٰ کے سکول سے تالے توڑ کر سونا مالیتی 10لاکھ روپے ،خالد کالونی میں ذیشان ملک کے گھر سے طلائی سیٹ، دو طلائی انگوٹھیاں، 8 5 ہزار روپے اور ایک پستول ،ڈھوک میجر میں الطاف الہی کے ڈیری فارم سے 2 گائیں چوری کرلی گئیں ۔تھانہ ٹیکسلاکے علاقہ وسیم آباد میں ملک ولید اپنے دوست حسیب احمد کے ہمراہ کھیتوں میں ٹک ٹاک کے لئے ویڈیو بنا رہے تھے کہ ایک نوجوان نے جو پشتو بول رہاتھا حسیب احمد کا موبائل چھین لے گیا، مدعی نے مزاحمت کی تو ملزم نے چاقو کے وار سے اسے زخمی کردیا اور ان کا موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گیا۔تھانہ صدرواہ کے علاقہ غازی پور میں 2نامعلوم ملزمان فہد مقبول کے گھر سے گن پوائنٹ پر 3لاکھ 25 ہزار روپےاور سونا مالیتی2لاکھ روپےچھین کر لے گئے۔ڈھوک رتہ میں محمد عامر کے گھر کا تالہ توڑ کر 5لاکھ روپے اور سونا مالیتی 3لاکھ روپے ،برما شیل کے قریب سید زین سجاد کی سائٹ سے سریا مالیتی 7 لاکھ روپے اڑا لئے گئے ۔ تھانہ شہزاد ٹاؤن اور تھانہ کھنہ کے علاقے سے اسلحہ کی نوک دو موٹر سائیکل جبکہ تھانہ کراچی کمپنی تھانہ شالیمار اور تھانہ نون کے علاقے سے قیمتی موبائل فون اور نقدی چھین لی گئی۔