کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)قطر کی میتاس کمپنی کے شیخ مبارک الموہندی اور جنرل منیجر محمد ابو طلحہ نے کہا ہے کہ کمپنی اگلے ہفتے سے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں پانچ ویلاز کا تعمیراتی کام شروع کرے گی جبکہ 3سال کی مدت میں 500ویلاز کا تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا،ہم بوستان اسپیشل اکنامک زون و دیگر پیداواری شعبوں میں یہاں کے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر بارے بھی صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں اور کوشش ہوگی کہ جلد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کرلئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے عہدیداران و ارکان کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل قطر کے میتاس کمپنی کا وفد ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ پہنچا تو چیمبر کے صدر محمد ایوب مریانی ودیگر عہدیداران و ممبران نےخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ قطر کی کمپنی نے بلوچستان میں سرمایہ کاری شروع کردی ہے پاکستان اور قطر کے عوام کے مابین جہاں تاریخی، اسلامی، ثقافتی تعلقات ہیں وہیں تجارتی میدان میں بھی ہم امید رکھتے ہیں کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔اس موقع پر شیخ مبارک الموہندی اور محمد ابو طلحہ کا کہنا تھا کہ کمپنی ایک ہفتے کے دوران ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں ویلاز کے تعمیراتی کام کا آغاز کررہی ہے، فی الحال پائلٹ پروجیکٹ کے تحت 5ویلاز کا تعمیراتی کام شروع کیا جارہا ہے جس میں سردیوں کے موسم اور رمضان کے بعد مزید تیزی لائی جائے گی اور 50 ویلاز کی تعمیر شروع کی جائے گی مذکورہ ویلاز بلوچستان کے بلوچ ،پشتون طرز کے مطابق تعمیر کی جائیں گی البتہ اس میں عرب طرز تعمیر کا بھی ہلکا سا ٹچ ہوگا ہمیں اس سلسلے میں بلوچستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کا بھر پور تعاون درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈی ایچ اے کوئٹہ میں عالمی معیار کا ہیلتھ،ایجوکیشن اور آئی ٹی سٹی بنائیں گے بلکہ ہم بلوچستان کے پھلوں اور یہاں بننے والی مصنوعات کی دیگر ممالک تک ایکسپورٹ بارے بھی کوشاں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بوستان اسپیشل اکنامک زون،زراعت،گلہ بانی اور ماہی گیری کے شعبوں بارے بھی ریسرچ کریں گے اور ہماری کوشش ہے کہ اس بابت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے ساتھ ایک مفاہمت کی یاوداشت پر بھی دستخط کئے جائیں۔ہم بلوچستان کے نوجوانوں کو قطر میں اعلیٰ تعلیم دلانے کےلئے قطری حکومت کے حکام سے بات کریں گے تاکہ وہ بلوچستان کے نوجوانوں کےلئے اسکالر شپ کا اعلان کریں ۔