کراچی(جمشید بخاری) کرسمس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں مسیحی برادری اپنے مذہبی تہوار کو جوش وخروش سے منانے کے لیے بازاروں کا رخ کرلیا ہے، کرسمس کارڈکی خریداری کے علاوہ کرسمس ٹری ، نئے کپڑے اور جوتے خریدے جارہے ہیں بڑے ہوٹلوں میں کرسمس ٹری لگادی گئی ہے جبکہ مسیحی برادری کے لیے علاقوں میں ڈیوڈ اسٹار آویزاں کردیئے گئے ہیں، کرسمس کی تیاریوں کے سلسلے میں چرچز کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، گھروں میں مخصوص مٹھائیاں اور میٹھے پکوان کی تیاریاں کی جارہی ہیں ،کرسمس برادری کے فلاحی ادارے ، نادار، مسیحی برادری میں کپڑوں اور جوتوں کی تقسیم کے ساتھ ساتھ تحائف بھی تقسیم کررہے ہیں۔مسیحی برادری 24 اور 25 دسمبر کی رات کرسمس منائے گی ،تاہم کرسمس کی تیاریاں دسمبر کے پہلے اتوارسے شروع کردی جاتی ہے اور ایک دوسرے کو کرسمس کارڈ بھیج کر مبارکباددی جاتی ہے۔