کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان بازار پولیس نے پولیس نے تاجر کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے دو اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان میں محمد نوید عرف شاکر ولد نہال (فائر کرنے والا ) اور محمد عمر ولد عمران (رائیڈر) شامل ہیں جنہیں سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ مقتول کے قتل کی سپاری اور صبح گھر سے نکلنے کی اطلاع اسی کے ساتھ مارکیٹ میں کام کرنے والے تاجر نے فراہم کی تھی۔قتل کی سازش کرنے والے مرکزی ملزم کی ملاقات قاتلوں سے کالا علم کرنے والے ایک بابا کے اڈے پر ہوئی جہاں قتل کی منصوبہ بندی طے پائی۔ساتھی تاجر نے ذاتی عناد کی بنیاد پر یہ قتل کرانے کی سپاری ڈیڑھ لاکھ روپے میں دی تھی۔