کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو صفر کی شکست کے بعد محمد رضوان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ون ڈے سیریز جیت کرحساب چکتا کرنا چاہتی ہے۔ پاکستان نے جنوبی افریقا آنے سے قبل عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی۔ جنوبی افریقا کے ٹی 20 سیریز نہ کھیلنے والے اہم پلیئرز ون ڈے ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔ دونوں ٹیموں میں تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل منگل کو پارل میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہوگا۔ پاکستان نے اپریل 2021 میں جنوبی افریقا میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔ کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لحاظ سے یہ اہم سیریز ہے، یقین ہے کہ کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی جیت کے بعد اپنی کارکردگی کو دوہرائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکے لیکن ان کنڈیشنز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں خاص طور پر صائم ایوب کی بیٹنگ دونوں میچوں میں شاندار تھی۔ علاوہ ازیں پیر کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ون ڈے میں اچھا ردھم ہے اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، ٹی 20 میں نوجوان پلیئرز کو موقع دے کر تجربات کررہے ہیں، چیمپئنز ٹرافی کو ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے، ٹیم میں تمام پلیئر کپتان ہی ہیں، ٹیم میں ’’میں‘‘ کا لفظ نہیں، ’’ہم‘‘ کا لفظ ہوتا ہے، سب کا فوکس جیت پر ہے، کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم بنانے کی کوشش کرتے ہیں، ملک سے باہر ہمیشہ چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ون ڈے سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا۔ خیال رہے کہ پاکستانی اسکواڈ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ، اوپنر عبداللہ شفیق اور کامران غلام کی واپسی ہوئی ہے ۔ لیفٹ آرم لیگ اسپنر سفیان مقیم اور عثمان خان پہلی بار ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔ پاکستان اسکواڈ: محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر )، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، کامران غلام، محمد حسنین، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم طیب طاہر اور عثمان خان ( وکٹ کیپر) ۔ جنوبی افریقی اسکواڈ: ٹیمبا باووما (کپتان) ایڈن مارکرم اینڈیل فیلووایو، ڈیوڈ ملر، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر) کگیسو ربادا، کیشوو مہاراج، کے وینا مافاکا، مارکو جینسن، اوٹنیل بارٹمین، راسی وان ڈر ڈوسن، رائن رکلٹن ، تبریزشمسی، ٹونی ڈی زورزی اور ٹرسٹن اسٹبس پر مشتمل ہے۔