راولپنڈی (صباح نیوز)تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں500دن مکمل ہوگئے ہیں لیکن وہ آج بھی پہلے دن کی طرح اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ ساری زندگی جیل میں رہ لوں گا لیکن جھکوں گا نہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہے، وہ نہ گھبرایا اور نہ ہی ٹوٹا، موجودہ حکومت خوف کے سہارے پر قائم ہے، جس روز یہ خوف ختم ہوگیا یہ حکومت تنکوں کی طرح بکھر جائے گی۔ملک میں عدل کے نظام پر سنگین سوالات ہیں‘پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں نے 9مئی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی، وہ درجنوں مقدمات میں نامزد ہیں، جبکہ پریس کانفرنس کرنے والے آزاد ہوگئے۔عدالتوں میں جس طرح مقدمات چلائے جارہے ہیں ہم اس پر ملکی سمیت بین الاقوامی فورمز پر بھی آواز اٹھائیں گے۔