پشاور( لیڈی رپورٹر)دُمیل ویلفیئر سوسائٹی ضلع لوئر چترال نے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی مبینہ ناانصافیوں کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت دُمیل ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرستِ اعلیٰ عصمت اللہ دمیلی، سابق کونسلر گل ولی، خیال محمد، شروز خان نے کی۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ دُمیل کی مقامی ڈسپنسری میں کلاس فور کی پوسٹ پر دروش اور ارندو جیسے دیگر علاقوں کے افراد کو بھرتی کیا گیا ہے، حالانکہ اس پوسٹ پر مقامی افراد کا حق تسلیم شدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد مرتبہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) لوئر چترال کو درخواستیں دی گئیں، لیکن ڈسپنسری کے اصل حق دار، جائیداد کے مالک، کو نظرانداز کیا گیا۔مظاہرین کے مطابق ڈی ایچ او کی جانب سے ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی جس نے موقع پر جاکر جائیداد کے مالک خیال محمد کے حق میں فیصلہ دیا، مگر اس کے باوجود مقامی حق دار کو نظرانداز کرتے ہوئے کسی اور علاقے کے فرد کو بھرتی کیا گیا۔مظاہرین نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ غیر منصفانہ بھرتی کو فوری طور پر منسوخ کرکے مقامی حق دار شخص کو اُس کا حق دیا جائے۔