اسلام آباد( رانا غلام قادر ) وفاقی بیورو کریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ سینٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کے انعقاد کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ چار روزہ اجلاس 23دسمبر سے شروع ہوگا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سنٹرل سلیکشن بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دیدی ۔ بورڈ کے چیئر مین وفاقی پبلک سروس کمیشن کے چیئر مین لیفٹنٹ جنرل(ر) اختر نواز ستی ہوں گے۔ تین ممبران پارلیمنٹسنیٹر ین سعدیہ عباسی ‘ سنیٹر سلیم مانڈوی والا اور ایم این اے جاوید حنیف خان کو ممبر بنایاگیا ۔ 4بیورو کریٹس کو رکن مقرر کیا گیا جن میں پنجاب سے سیکرٹر ی فنانس ڈویژن امداد اللہ بوسال ‘ سندھ سے گریڈ بائیس کی ریٹائرڈ افسر رابعہ جویریہ آغا ‘ خیبر پختونخوا سے سیکرٹری بحری امور ڈویژن سید ظفر علی شاہ اور بلوچستان سے گریڈ بائیس کے ریٹائرڈ افسر غیاث الدین کو نامزد کیا گیا ۔بلحاظ عہدہ نامزد کئے جانے والے افسروں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ خان دھاریجو‘ سیکرٹری کا بینہ ڈویژن کامرن علی افضل اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز شامل ہیں۔