• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے کہا ہے اتوار تک مطالبات نہ مانے تو ترسیلات زر پاکستان نہ بھیجنے کی اپیل کروں گا، علیمہ خان

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اتوار تک مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو اوورسیز پاکستانیو کو کہوں گا کہ وہ اپنی ترسیلات زر پاکستان نہ بھیجیں میں نے کبھی بھی اپنے لوگوں کو نہیں اکسایا، ہمیشہ لوگوں کو تاکید کی کہ آئین اور قانون کے مطابق چلیں، احتجاج پر بھی لوگوں کو کہا کہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جو بھی قانون ہے اور میرے خلاف مقدمات ہیں ان کا سامنا کروں گا، انہوں نے کہا 26 تاریخ کو لوگوں پر سنائپرز رائفل سے فائر کئے گئے، لوگ لاپتہ ہیں کسی کو نہیں پتہ ان کے ساتھ کیا ہوا، لوگ ان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کیا کوئی اپنے حق کے لئے نکلے گا تو اس پر گولی چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی جان نہ جائے اس لئے انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو کال دی ہے، بانی پی ٹی آئی نے9 مئی اور 26 جون کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ہمارے غیر قانونی طور پر گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے حالات سے بہتر واقف ہیں، اب وہ ان کو کال دیں گے۔ اگر اتوار تک مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو اوورسیز پاکستانیو کو کہوں گا کہ وہ اپنی ترسیلات زر پاکستان نہ بھیجیں۔ پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے پیسے پر کھڑا ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ لگ رہا ہے کہ پیر والے دن بانی پی ٹی آئی کو اس ریفرنس میں سزا دے دی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید