• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مملکت، وزیراعظم اور دیگر کا لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو خراج عقیدت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کے 53 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو دفاع وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے 1971 کی جنگ کے دوران بے مثال جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، صدر مملکت لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے جواں مردی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، صدر مملکت نے کہاکہ پوری قوم لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو بے مثال بہادری اور جذبہ الوطنی پر سلام پیش کرتی ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ واہگہ باڈر پر مثالی جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لانس نائیک محمد محفوظ شہید دشمن کو پسپا کرتے رہے۔ انہوں نے دشمن کے طاقت اور عددی برتری کے نشے کو خاک میں ملا دیا۔ وہ فرض شناسی اور حب وطنی کی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر) نے 1971 کی پاک بھارت جنگ میں شجاعت اور بہادری کی مثال قائم کی۔ انہوں نے جس شجاعت، دلیری اور بہادری کا مظاہرہ کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ شہید کی قربانی ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھی جائے گی۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پوری بھارتی پلاٹون کو ایک ساتھ مٹانے والے لانس نائیک محمد محفوظ شہید کیلئے ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ علمائے کرام نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہمارا ملک قائم و دائم ہے۔
اہم خبریں سے مزید