• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیلوں کے میدان بنانے کے اہم منصوبے کا آغاز کیا ہے، ڈپٹی کمشنر پشاور

پشاور (وقائع نگار) صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے عوام کے تعاون اور نجی بینکوں کے اشتراک سے دیہی علاقوں میں کھیلوں کے میدان بنانے کے اہم منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے اسسٹنٹ کمشنر حسن خیل شہروز مفتی کے ہمراہ حسن خیل کے علاقے میں کھیلوں کے میدان کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق، دیہی علاقوں میں سو سے زائد کھیلوں کے میدان بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ان میدانوں کے قیام کا مقصد نوجوانوں اور بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ہے، تاکہ وہ منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہ سکیں۔افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے خود بھی کرکٹ کھیلی اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کو سراہا اور انہیں مزید بہتر کارکردگی کے لئے حوصلہ افزائی کی۔ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے کہا کہ یہ میدان نوجوانوں اور بچوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کریں گے۔
پشاور سے مزید